کسی کا احسان نہیں لونگا تحریر


گزشتہ ماہ میں دوسرے شہر کسی کام سے گیا۔ 
جن صاحب سے ملاقات تھی وہ ابھی آفس نہیں پہنچے تھے۔

 میں نے وقت کو انتظار میں ضاٸع کرنے کی بجاۓ بازار میں ایک دو چیزیں خریدنے کا فیصلہ کیا۔

جمعہ کا دن تھا ایک طرف جمعہ بازار لگاہوا تھا۔ 
میں نے باٸیک سٹینڈ پر لگاٸی۔ پرچی لی اور یونہی گھومنے نکل پڑا۔ 
دراصل مجھے برساتی کی تلاش تھی۔ چلتے چلتے جب میں چوڑیوں والے سٹال پر پہنچا تو مجھے ایک شخص جانا بہچانا دکھاٸی دیا۔
 میں نے زیادہ غور نہیں کیا کیونکہ خواتین اس سٹال کو گھیرے ہوۓ تھیں۔ میں آگے گزر گیا۔ 
چکر لگا کر جب واپس آیا تو سٹال پر خواتین موجود نہیں تھیں۔
 سٹال والا بھاٸی صاحب دوسری طرف منہ کیے واٹرکولر میں سے پانی پی رہا تھے ۔میں نے غور کیا تو انکی گردن پر زخم کے نشان سے مجھے پکا یقین ہوگیا کہ شفقت چچا ہے۔ 
میں نے آواز دی انکل چوڑیوں کا یہ سیٹ کتنے کا ہے۔
 میری آواز سن کر وہ صاحب پلٹے اور مجھے دیکھ کر دم بخود رہ گٸے۔ 
پانی کا گلاس نیچے رکھا اور ”رانا صاحب آپ“ کہہ کر، آگے بڑھے اور مجھے گلے لگالیا۔ 
پھر میرا ہاتھ پکڑ کر سٹال کے پیچھے پڑے بینج پر بٹھایا اور حال احوال پوچھنے لگے۔
میں حیران و پریشان تھا۔ شفقت صاحب کسی دور میں ہمارے محلے دار رہے تھے۔ بڑی خوشحال قسم کی فیملی تھی۔
 اب یہاں سخت گرمی میں یوں سر بازار وہ بھی چوڑیوں کاسٹال؟
 کچھ بات سمجھ نہیں آرہی تھی۔
 وہ مجھ سے سوال کیے جارہے تھے میں انکے ماضی میں کھویا ہوں ہاں کیے جارہاتھا۔ 
میں نے انکا ہاتھ پکڑا اور کہا” شفقت چچا ساری باتیں بعد میں پہلے یہ بتاٸیں ایسی ابتر حالت کیونکر ہے؟“
انہوں نے کندھے پر پڑے میلے رومال جسکی اڑی ہوٸی رنگت اسکے عمررسیدہ ہونے کی گواہ تھی، ماتھا صاف کیا اور بولے” آپ تو جانتے ہیں جب تک والد صاحب پردیس میں رہے ریال بھیجتے رہے، گھر میں خوشحالی کا دور دورا تھا، نظام چل رہاتھا، والد صاحب نےکبھی ہمیں تنگی نہیں آنے دی،
 انکے اچانک بیمارہونے اور واپس لوٹ آنےپر مجھے فوری طور پر کچھ نا کچھ روزگار شروع کرناتھا۔ 
اباجی نے جمع پونجی میرے حوالے کی،
 میں نے ایک دوست کے ذریعے پراپرٹی کا کام شروع کیا۔ 
اس دوران چھوٹا بھاٸی ایف ایس سی کرچکا تھا۔ میں نے اسے میڈیکل کی تعلیم کیلیے ہمت دلاٸی۔ 
کاروبار اچھا چل نکلا تھا۔بہنوں کی شادیاں کردیں۔ بھاٸی بھی تعلیم مکمل کرکے بیرون ملک ملازم ہوگیا۔ کچھ ہی ماہ بعد اسکی ہم نے شادی کردی۔

اچانک وقت نے پلٹا کھایا، سارا سرمایہ ڈوب گیا، کاوبار مکمل ختم ہوگیا، یہ الگ ایک لمبی کہانی ہے۔ 
اب سارا بوجھ ڈاکٹر صاحب پر تھا۔
 کاروبار کے دھچکے نے میرے اعصاب توڑ کر رکھ دیے تھے، دل کا مریض بن چکاتھا۔ 
ڈاکٹر صاحب ہر مہینے پسے بھیجتے جس سے گھر کا نظام چل رہاتھا۔ 
میں نے اس دوران کٸی مرتبہ ملازمت کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر صاحب نے روک دیا کہ بھاٸی آپ نے مجھے بچوں کی طرح پالا ہے خرچ کیا ہے۔ 
اب میرا فرض ہے کہ میں آپکی خدمت کروں۔ تین ساڑھے تین سال تو ایسے ہی چلتا رہا۔ 
ایک دن مجھے ڈاکٹر صاحب کا واٸس میسج ملا کہ بھاٸی جان آپ کچھ کام کریں، اپنے بچوں کا سوچیں، انکے مستقبل کا سوچیں کوٸی جاب وغیرہ کرلیں۔
 اور مجھے پیسوں کی ضرورت ہے مکان میں سے میرا حصہ الگ کرکے بھیج دیں۔

میں یہ سن کر بہت حیران رہ گیا۔
قصہ مختصر عمر زاٸد ہونے کی وجہ سے کہیں بھی ملازمت نہ ملی،
 ایک دو جگہ سکیورٹی گارڈکی نوکری ملی۔ 
آج یہ اسٹال لگاتاہوں، ویسے ادھر گنبد بازار میں ایک شیخ صاحب کی کپڑے کی دوکان ہے، بہت اچھے ہیں انہوں نے مجھے دوکان کے سامنے سٹال لگانے کی اجازت دی ہوٸی۔ الحَمْدُ ِلله گزر بسر ہورہاہے۔
ایک ہی بیٹا ہے وہ پڑھ لکھ گیا ہے۔ 18 سکیل کا آفیسر ہے، سرکاری گاڑی بنگلہ سب کچھ ہے ماشاءاللہ۔ اب وہ مجھے ہر روز کہتاہے آپ ریسٹ کرو، کام نہ کرو۔
لیکن راناصاحب 
 زندگی کے سبق کو ایک بار میں ہی یاد کرلینا چاہیے 

 بھاٸی کے ہاتھوں ملے دکھ نے ایک سبق دے دیاہے جب تک چل سکتاہوں اپنے ہاتھ سےکماکر کھاٶں گا۔ 
کسی پر بوجھ نہیں بنوں گا۔ کسی کا احسان نہیں لونگا “ انہوں نے قصہ زیست سنا کر آنکھیں صاف کیں۔ 
میں انہیں دوبارہ گلے ملا اور بہت سے سبق دامن میں چھپاۓ لوٹ آیا۔
احباب گرامی!
جب بھی یہ واقعہ یاد آتاہے میں سوچتا ہوں
 خونی رشتے اتنے کمزور کیوں ہوتے جارہے ہیں؟ 
خون کیوں سفید ہوتے جارہے ہیں؟ 
رشتے غرض، مطلب، لالچ، ہوس اور بے حسی کی بھینٹ کیوں چڑھتے جارہے ہیں؟
مجھے کچھ سجھاٸی نہیں دیتا۔ شاید یہ قرب قیامت کی نشانی ہے۔“
شاید...

Comments