حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان سے نزول فرمانا
جب دجال کا فتنہ انتہاء کو پہنچ چکے گا تو وہ ملعون ملکِ شام میں پہنچ کر مسلمانوں کا محاصرہ کرے گا کہ ناگاہ اسی حالت میں قلعہ بند مسلمانوں کو غیب سے آواز آئے گی، گھبراؤ نہیں، فریادرس آ پہنچا‘۔ اس وقت حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان سے دو فرشتوں کے پروں پر ہاتھ رکھے، زرد رنگ کا جوڑا زیب تن فرمائے ہوئے، نہایت نورانی شکل میں دمشق کی جامع مسجد کے شرقی منارہ پر دین محمد رسولﷺ کے حاکم اور امامِ عادل و مجددِ ملت ہو کر نزول فرمائیں گے۔ صبح کا وقت ہوگا نماز فجر کے لیے اقامت ہوچکی ہوگی۔ حضرت امام مہدی رضی اللّٰه عنہ کو جو اس جماعت میں موجود ہوں گے۔ امامت کا حکم دیں
گے۔ حضرت امام مہدی رضی اللّٰه عنہ نماز پڑھائیں گے۔ بعد فراغت حضرت عیسیٰ علیہ السلام شہر کا دروازہ کھلوائیں گے۔ اس طرف دجال ہوگا جس کے ساتھ ستر ہزار یہودی ہتھیار بند ہوں گے۔ لشکرِ اسلام اس لشکرِ دجال پر حملہ کرے گا۔ گھمسان کا معرکہ ہوگا۔ جب دجال کی نظر حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر پڑے گی تو وہ لعین آپ کی سانس سے پگھلنا شروع ہو جائے گا جیسے پانی میں نمک گھلتا ہے وہ بھاگے گا، یہ تعاقب فرمائیں گے اور بیت المقدس کے قریب موضع لُد کے دروازے پر جا لیں گے اور اس کی پشت پر نیزہ ماریں گے وہ واصلِ جہنم ہوگا، آپ مسلمانوں کو اس کا خون اپنے نیزے پر دکھائیں گے۔
دجال کا فتنہ فرو ہونے کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام اصلاحات میں مشغول ہوں گے کافروں سے جہاد کریں گے اور جزیہ کو موقوف کردیں گے، یعنی کافر سے سوائے اسلام کے کچھ قبول نہ فرمائیں گے۔ صلیب توڑیں گے، خنزیر کو نیست و نابود کریں گے۔ تمام اہلِ کتاب جو قتل سے بچیں گے، سب ان پر ایمان لے آئیں گے۔ تمام جہان میں دین ایک دینِ اسلام ہوگا اور مذہب ایک مذہبِ اہلِ سنت ہوگا۔ آپ کے زمانہ میں مال کی کثرت ہوگی، ساری دنیا عدل سے بھر جائے گی۔ یہاں تک کہ بھیڑیئے کے پہلو میں بکری بیٹھے گی اور وہ آنکھ اٹھا کر نہ دیکھے گا۔ بچے سانپ سے کھیلیں گے اور شیر بکری ایک ساتھ چریں گے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام چالیس سال زمین میں امامتِ دین و حکومتِ عدل آئین فرمائیں گے۔ نکاح بھی کریں گے اور آپ کی اولاد بھی ہوگی۔ مزارِ اقدس سیدِ عالمﷺ پر حاضر ہو کر سلام عرض کریں گے۔ قبرِ انور سے جواب آئے گا۔ ان سب وقائع کے بعد جن کا ذکر گزرا۔ آپ وفات پائیں گے مسلمان ان کی تجہیز و تکفین کریں گے۔ نماز پڑھیں گے اور حضورِ اکرمﷺ کے روضۂ انور میں آپ کے پہلو میں دفن کیے جائیں گے۔
(ماخوذاً سنی بہشتی زیور حصہ اوّل) 595
.jpeg)
Comments
Post a Comment