دو بھائیوں کی کہانی
-: 10آخری چٹان صفیہ قسط نمبر
جو ایک بڑا بھائی چھوٹے اور ضدی بھائی کے لئے محسوس کرتا ہے۔نوجوان لڑکی کے متعلق اس کی رائے یہ تھی کہ وہ ان امیر زادوں میں سے ایک ہے جن کی عمر تصنع اور بناوٹ میں گزر جاتی ہے۔جو جھوٹ کو سچ بنانا ایک کمال سمجھتی ہیں لیکن رات کو سونے سے پہلے جب وہ اپنے بستر پر لیٹا ہوا ان تمام واقعات پر غور کر رہا تھا۔اس نے اپنے آپ سے سوال کیا۔"کیا وہ سادہ اور معصوم لڑکی اس قدر جھوٹ بول سکتی ہے؟"
اس سوال کا جواب سوچتے ہوئے وہ اس ذہنی کیفیت سے دوچار ہورہا تھا۔جس میں دل اور دماغ کی مختلف آوازیں انسان کو کسی فیصلے پر نہیں پہنچنے دیتیں۔
٭ ٭ ٭
اگلے دن صبح سے لے کر دوپہر تک قاسم گھر سے غائب رہا اور صفیہ پریشانی کی حالت میں تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد محل کے خادموں سے اس کے متعلق پوچھتی رہی۔دوپہر کے وقت اسے معلوم ہوا کہ قاسم آگیا ہے اور اپنے پندرہ بیس دوستوں کے ساتھ محل کے مشرقی کونے میں بیٹھا ہوا ہے۔
محل کے اس کونے کے برآمدے کا رخ دریا کی طرف تھا اور سنگ مرمر کی سیڑھیاں برآمدے کی کرسی سے شروع ہو کر دریا تک جا پہنچتی تھیں۔پانی کی سطح سے ذرا اوپر آخری سیڑھی پر کہیں کہیں لوہے کی میخیں لگی ہوئی تھیں۔اور ان میخوں کے ساتھ چھوٹی چھوٹی خوبصورت کشتیاں بندھی ہوئی تھیں۔اس سیڑھی پر کھڑے ہو کر اوپر کی طرف قصر خلافت اور سپہ سالار اور دوسرے عہدے داروں کے محلات کے وہ حصے جو دریا کے کنارے تعمیر کیے گئے تھے،دکھائی دیتی تھیں اور ہر محل کے سامنے کشتیوں کی ایک بڑی تعداد نظر آتی تھی۔
صفیہ قاسم کے ارادوں سے تھوڑی بہت واقفیت حاصل کر چکی تھی۔اب جب اس نے یہ سنا کہ وہ اپنے پندرہ بیس دوستوں کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔اس کی تشویش بڑھنے لگی۔تھوڑی دیر سوچنے کے بعد وہ ایک مظبوط ارادہ لے کر محل کے مشرقی کونے کی طرف چل دی۔اس کونے پر اوپر کی منزل کے کمروں میں کبھی کبھی صبح یا شام کے وقت خواتین آکر بیٹھتیں اور دریائے دجلہ کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوتی تھیں۔تیسری منزل پر ایک وسیع بارہ دری تھی۔دوسری اور تیسری منزل سے دریا کی طرف اترنے کے لئے پیچ در پیچ سیڑھیاں بنائی گئی تھیں اور ان کا دروازہ دریا کی کھلنے والے برآمدے کے کونے میں تھا۔
صفیہ تیسری منزل کی گیلری سے گزرتے ہوئے بارہ دری میں پہنچی اور وہاں سے اس نے تنگ سیڑھی سے نیچے اترنا شروع کر دیا۔نچلے کمرے کی چھت سے ذرا نیچے اس سیڑھی کا دروازہ ایک گیلری میں کھلتا تھا جس کا رخ پائیں باغ کی طرف تھا اور قاسم کبھی کبھی خوش گوار موسم میں اس گیلری میں بیٹھ کر اپنے کسی دوست کے ساتھ شطرنج کھیلا کرتا تھا۔
نیچے اور اوپر سے ان سیڑھیوں کے سوا اس گیلری میں آمد و رفت کا کوئی راستہ نہ تھا۔وہ کمرہ جس میں قاسم بیٹھا تھا،اس کے دریچے اس گیلری میں کھلتے تھے۔صفیہ ایک دریچے کے قریب بیٹھ گئی اور پردے کو تھوڑا سا ایک طرف سرکا کر نیچے جھانکنے لگی۔
قاسم پندرہ بیس ایسے نوجوانوں میں بیٹھا ہوا تھا جن کے متعلق بغداد کے شریف آدمیوں میں سے کسی کی رائے اچھی نہ تھی۔صفیہ انھیں اکثر قاسم کے ساتھ دیکھ چکی تھی۔ان میں لوکس بھی تھا لیکن آج وہ خلاف عادت بہت سنجیدہ نظر آتا تھا۔
قاسم نے کہا۔"بدنامی کے داغ خون سے دھوئے جاتے ہیں۔اس نے مجھے دھوکہ دیا۔شروع میں اس نے یہ ظاہر کیا کہ وہ وار کرنا جانتا ہی نہیں اور میں صرف اس خیال سے کہ یہ کھیل جلد ختم نہ ہو جائے۔نہایت بے پروائی سے اس پر حملے کرتا رہا۔اگر مجھے یہ علم ہوتا کہ میرے بازو شل ہو جانے کے بعد وہ اس تیزی سے حملہ کرے گا تو میں شروع میں ہی یہ کھیل ختم کر ڈالتا اور لوکس کے ساتھ بھی اس نے دھوکہ کیا۔لوکس پر اس نے خلاف توقع دھاوا بول دیا۔خیر اب دیکھا جائے گا!"
لوکس نے کہا۔"کم از کم میں اپنے متعلق یہ نہیں کہوں گا کہ اس نے میرے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔اس کی فتح برتری کا نتیجہ تھی۔مجھے اگر کسی بات کا افسوس ہے تو وہ یہ کہ ہم نے بہادروں کی طرح ہار مان کر اس کی طرف دوستی کا ہاتھ نہیں بڑھایا۔"
لوکس کی زبان سے یہ بات سب کے لئے غیر متوقع تھی اور وہ حیرانی سے اس کی طرف دیکھنے لگے۔
کمرے میں ایک شخص داخل ہوا اور سب کی نگاہیں لوکس سے ہٹ کر اس کی طرف مبذول ہو گئیں۔
قاسم نے پوچھا۔"کیوں کیا خبر لائے؟"
نووارد نے جواب دیا۔"انھوں نے دریا کے اسی کنارے پر نیچے کی طرف یہاں سے پانچ کوس دور خیمہ لگایا ہے۔اس وقت وہ شکار کھیل رہے ہیں اور رات کے وقت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!"قاسم نے اس کا فقرہ پورا کرتے ہوئے کہا۔"رات کے وقت گدھے کی نیند سو رہے ہوں گے۔اسی کنارے پر اوپر کی طرف یا نیچے؟"
"نیچے جنگل کے قریب۔"
"وہ کتنے ہیں؟"
"کل آٹھ!"
"اور کون کون ہیں؟"
"عبدالعزیز،عبدالملک،مبارک اور افضل،باقی فوجی افسر ہیں۔ان کے نام میں نہیں جانتا۔ہاں شاید ایک طاہر کا نوکر ہے۔"
قاسم نے پوچھا۔"تمہارے خیال میں ہم گھوڑوں پر جائیں یا کشتیوں میں جانا بہتر رہے گا؟"
اس نے کہا۔"گھوڑوں پر جانے سے یہ بات راز نہیں رہ سکے گی۔ہم کشتیوں پر راتوں رات واپس آ سکتے ہیں۔"
قاسم لوکس کی طرف متوجہ ہوا۔"اگر آپ کو ہمارا ساتھ دینا پسند نہ ہو تو آپ یہاں رہ سکتے ہیں۔میرے خیال میں ایک آدمی سے کوئی خاص کمی نہ ہوگی۔"
لوکس نے جواب دیا۔"میں ان لوگوں میں سے نہیں جو غلط اور خطرناک راستوں پر دوستوں کا ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔میں آپ کے ساتھ ہوں لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ آپ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں وہ بہادروں کی روایات کے خلاف ہے۔کم از کم سوئے ہوئے دشمن پر حملہ کرنے کے لئے میری تلوار بے نیام نہ ہوگی۔"
قاسم نے ہنستے ہوئے کہا۔"تمہارا خیال ہے کہ ہم اٹھارہ ان آٹھ سوئے ہوئے آدمیوں کو قتل کرنے کے ارادے سے جا رہے ہیں۔نہیں۔ہم انھیں جگا کر منہ ہاتھ دھونے اور اچھی طرح مسلح ہو کر سامنے آنے کا موقع دیں گے۔اس کے بعد اگر وہ بھاگ جائیں تو میری خواہش نہیں کہ ہم خواہ مخواہ ان کے خون سے ہاتھ رنگیں۔میں انھیں مارنا نہیں چاہتا۔بھگانا چاہتا ہوں۔اپنے ساتھ زیادہ آدمی لے جانے سے میرا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ مرعوب ہو کر بھاگ جائیں۔"
لوکس نے کہا۔"اگر وہ مقابلہ کرنے پر اتر آئے تو؟"
قاسم نے کہا۔"تو ان کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو اپنا مرتبہ نہ پہچاننے والے لوگوں کے ساتھ ہونا چاہئے۔آپ مجھ سے شکایت کر رہے تھے کہ عبدالعزیز آپ کو جھنجھوڑ جھنجھوڑ کر کرسی پر بٹھا رہا تھا۔اگر آپ کو اپنی عزت کا پاس نہیں تو مجھے اس کا پاس ضرور ہے۔طاہر کے ایک دوست کی طرف یہ فقط تمہید تھی۔اگر ہم نے اس کی آنکھیں کھولنے کے لئے کچھ نہ کیا تو بغداد کا ہر فاقہ مست ہمارے سر پر چڑھ جائے گا۔"
"لیکن آپ کے ابا جان؟"
"ابا جان کو اگر ہمارے ارادے معلوم ہو جائیں تو شاید وہ اپنی مصلحتوں کے پیش نظر منع کریں لیکن مجھے یقین ہے کہ جب میں ان کے سامنے اپنی مہم کی کامیابی کا ذکر کروں گا تو وہ آپ سب کو اپنے دستر خوان پر بلائیں گے۔"
لوکس نے قدرے مغموم لہجے میں کہا۔"تو میں آپ کے ساتھ ہوں۔"
قاسم نے اپنے تمام دوستوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔"یاد رکھیے طاہر کا ہر صورت میں بغداد سے کوچ کرنا ہمارے لئے بہتر ہے۔وہ سپہ سالار کے محل اور قصر خلافت تک رسائی حاصل کر چکا ہے اور اگر وہ کسی بڑے منصب پر پہنچ گیا تو ہر میدان میں اپنے دوستوں کو آگے کرے گا اور ہم سب کے لئے ترقی کی راہیں مسدود ہو جائیں گی۔"
٭ ٭ ٭
صفیہ جو کچھ جاننا چاہتی تھی،وہ اسے معلوم ہو چکا تھا۔وہ اٹھی اور دبے پاؤں گیلری سے گزر کر سیڑھیاں اترنے لگی۔اس کے ذہن میں بار بار یہی iالفاظ گونج رہے تھے۔"دریا کے اسی کنارے پر۔۔۔۔۔۔۔۔۔یہاں سے کوئی پانچ کوس دور۔نیچے کی طرف۔"اس کے دل کی دھڑکن کبھی سست اور کبھی تیز ہو رہی تھی،خیالات کے ایک ہیجان کے ماتحت وہ کبھی چلتے چلتے رک جاتی اور کبھی تیزی سے قدم اٹھانے لگتی۔وہ طاہر کو ایک بار پھر باخبر کرنا چاہتی تھی۔اس کی جان بچانا چاہتی تھی۔لیکن کیوں؟کیا اس لئے کہ وہ محض ایک بہادر نوجوان تھا!کیا صرف اس لئے کہ بغداد میں وہ ایک اجنبی تھا؟ایک اجنبی بدو۔۔۔۔۔بدو!بدو!!اس نے چند بار یہ لفظ دہرایا اور اس میں ایک مٹھاس،ایک لذت اور ایک کشش محسوس کرنے لگی۔اس نے اپنے دل میں کہا۔"کاش!میں بھی ایک بدو ہوتی اور کسی صحرا کی تند ہواؤں میں اس کے دامن کا سہارا لے سکتی۔"اسے سنگ مرمر کا یہ عالیشان محل ایک بدو کے خیمے کے مقابلے میں غیر مکمل نظر آرہا تھا۔وہ ان دلکش فضاؤں میں سانس لینا چاہتی تھی جہاں آزادی کے نخلستانوں میں محبت کے چشمے پھوٹتے تھے۔جہان مکر و ریا نے انسانیت کا چہرہ ابھی تک مسخ نہیں کیا تھا۔اس نے پھر اپنے دل میں کہا"صفیہ!صفیہ!!اپنے دل کو فریب مت دو۔اس کی دنیا اور تمہاری دنیا میں ایک ناقابل عبور سمندر حائل ہے۔وہ ایک عام آدمی ہے اور تم وزیر اعظم کی بھتیجی ہو۔تم اس کی جان بچا سکو تو یہ ایک کار خیر ہے۔اس سے زیادہ ایسے خواب نہ دیکھو جن کی کوئی تعبیر نہیں۔"
وہ سکینہ کو تلاش کرتی ہوئی ایک کمرے میں پہنچی۔سکینہ تکیے کے سہارے قالین پر بیٹھی ایک کتاب پڑھ رہی تھی۔اس نے صفیہ کی طرف دیکھ کر پوچھا۔"صفیہ!تم کہاں گئی تھیں؟میں نے تمہیں بہت تلاش کیا۔آؤ مجھے ان اشعار کا مطلب سمجھاؤ!"
"سکینہ!آج گھوڑے پر سیر کے لئے نہ چلو گی؟"
سکینہ نے حیران ہو کر جواب دیا۔"اس وقت؟"
صفیہ نے کہا۔"میرا مطلب ہے تھوڑی دیر کے بعد۔"
سکینہ نے کتاب کی طرف دیکھتے ہوئے بے پروائی سے کہا۔"شام کے وقت چلیں گے۔"
صفیہ نے سکینہ کے قریب بیٹھتے ہوئے کہا۔"آج ہم میدان کی بجائے دریا کے کنارے چلیں گے۔"
سکینہ نے جواب دیا۔"تمہارا مقصد ہے کہ بغداد کے لوگ ہم سے اچھی طرح واقف ہو جائیں اور ابا جان ہمارا گھوڑوں پر سوار ہونا بند کر دیں۔یاد ہے پچھلی دفعہ ہم دریائے دجلہ کے کنارے گئی تھیں تو کس قدر ناراض ہوئے تھے!"
صفیہ نے کہا۔"نقاب میں ہمیں کون پہچانے گا؟"
"لیکن ہمارے گھوڑے تو پہچانیں جا سکیں گے۔"یہ سن کر صفیہ سوچ میں پڑ گئی اس نے اس موضوع پر زیادہ بحث کرنا مناسب نہ سمجھا۔
شام ہونے تک سکینہ نے اس سے چند بار پوچھا۔"صفیہ!تم مغموم ہو۔آخر بتاؤ تو سہی تمہیں کس بات کی پریشانی ہے؟"اور اس نے ہر بار یہی جواب دیا۔"سکینہ آج میرا جسم ٹوٹ رہا ہے۔گھوڑے پر ایک لمبی دوڑ لگانے کے بعد میری طبیعت ٹھیک ہو جائے گی۔"
صفیہ کے اصرار پر سکینہ معمول سے کچھ دیر پہلے سیر پر جانے کے لئے تیار ہو گئی۔جب وہ گھوڑوں پر سوار ہو کر محل سے باہر نکلیں تو صفیہ نے اپنے گھوڑے کی باگ کھینچنے اور چند بار ایڑ لگانے کے بعد اسے شوخ کرتے ہوئے کہا۔"آؤ سکینہ!دریا کے کنارے ایک ڈور لگائیں۔ہم جلد واپس آجائیں گی۔اس کنارے پر شہر کے لوگوں کی آمد و رفت ویسے ہی کم ہے اور اگر بلفرض کوئی ہمیں ہمارے گھوڑوں سے پہچان بھی لے تو تو اسے شکایت لے کر آنے کی جرات نہیں ہوگی اور پھر اس میں برائی ہی کیا ہے؟بالآخر ہماری وہ مائیں اور بہنیں بھی تو تھیں جو مردوں کے دوش بدوش میدان جنگ میں جایا کرتی تھیں۔"
سکینہ نے کہا۔"لیکن دریا کے کنارے کون سا میدان جنگ ہے؟"
صفیہ نے لاجواب سی ہو کر کہا۔"میں سمجھی۔تم ڈرتی ہو۔لیکن میں تمہیں یقین دلاتی ہوں کہ میرا خنجر تمہاری حفاظت کرے گا۔"
سکینہ نے کہا۔"میں کسی سے کیوں ڈرنے لگی۔کیا میرے پاس خنجر نہیں؟چلو!"
سکینہ کا ارادہ بدل جانے کے خوف سے صفیہ نے جلدی سے گھوڑا دریا کی طرف موڑ دیا اور آن کی آن میں یہ دونوں شہر کی آبادی سے نکل گئیں۔تھوڑی دور آگے جا کر سکینہ نے شور مچانا شروع کر دیا۔"صفیہ!ٹھہرو!آگے جانا خطرناک ہے۔صفیہ!صفیہ!!کیا تم حسن بن صباح کی جنت میں پہنچنے کا ارادہ کر چکی ہو؟"
صفیہ کی تدبیر کامیاب ہو چکی تھی۔وہ یہی چاہتی تھی کہ سکینہ تھوڑی دور تک اس کا ساتھ دے۔اس نے گھوڑا روکے بغیر سکینہ کی طرف مڑ کر دیکھا اور یہ ظاہر کرتے ہوئے کہ وہ گھوڑے کی باگ کھینچ کر اسے روکنے کی کوشش کر رہی ہے،بلند آواز میں کہا۔"سکینہ!یہ گھوڑا آج تھوڑا سر کشی دکھا رہا ہے۔میں اس کا مزاج درست کرنا چاہتی ہوں۔تم اگر آگے جانے سے ڈرتی ہو تو ٹھہرو!میں ابھی آتی ہوں۔"
اور سکینہ کہ رہی تھی۔"کیسی بیوقوف ہو تم۔میں نے تمہیں کہا نہیں تھا کہ اس گھوڑے پر صرف قاسم سوار ہو سکتا ہے۔تم اس پر مت چڑھو!"
صفیہ نے مڑ کر جواب دیا۔"اس کا جوش ابھی ٹھنڈا ہو جائے گا۔زیادہ سے زیادہ دو کوس اور بھاگے گا۔"
سکینہ نے کچھ دور اس کا ساتھ دیا اور بالآخر وہ گھوڑے کو روک کر انتہائی پریشانی کی حالت میں صفیہ کے صبا رفتار گھوڑے کی طرف دیکھنے لگی۔ گھوڑا گرد کے اڑتے ہوئے بادلوں میں روپوش ہو گیا اور سکینہ دیر تک وہاں کھڑی رہی۔
سورج غروب ہونے میں کافی دیر تھی۔کنارے کے آس پاس کسانوں اور چرواہوں کی چند بستیاں دیکھ کر سکینہ نے اپنے متعلق کوئی زیادہ خطرہ محسوس نہ کیا۔
چند بار سکینہ کو غصہ آیا اور اس نے چاہا کہ وہ واپس جائے لیکن جب اسے یہ خیال آتا کہ گھر جا کر کیا بتائے گی۔تو اس کا ارادہ بدل جاتا۔اچانک اسے خیال آیا کہ اس کا ایک جگہ کھڑا رہنا درست نہیں۔ اس نے معمولی رفتار سے گھوڑا چھوڑ دیا۔کوئی آدھ میل نیچے جا کر اسے موڑ لیا اور پھر کوئی ایک میل آہستہ آہستہ شہر کی طرف چل کر رک گئی۔
مغرب کی طرف شفق کی سرخی چھا رہی تھی۔درختوں کے سائے تیزی سے بڑھ رہے تھے۔پرندے کھیتوں سے آشیانوں کی طرف پرواز کر رہے تھے۔سکینہ کی تشویش بڑھ رہی تھی۔تاہم وہ اپنے دل کو تسلی دینے کیلئے یہ کہ رہی تھی۔وہ ایسی نادان نہیں۔وہ یقیناً بہت دور نہیں گئی ہوگی۔وہ مجھے ستانے کے لئے دریا کے کنارے کسی درخت کی آڑ میں چھپ کر کھڑی ہوگی۔اگر میں چل پڑوں تو وہ گھوڑا دوڑا کر مجھ سے آ ملے گی اور پھر میرے قریب پہنچ کر زور سے قہقہہ لگائے گی۔سکینہ کے دل میں دوسرا خیال آیا۔لیکن اگر خدانخواستہ اگر اسے کوئی حادثہ پیش آگیا ہوا تو!پھر بھی مجھے چلنا چاہئے۔میں ابا جان سے کہ دوں گی کہ اس کا گھوڑا سرکش ہوکر اس طرف نکل آیا تھا۔
بہت دیر سوچنے کے بعد سکینہ نے واپس چلنے کا فیصلہ کیا۔تاہم اس امید پر کہ صفیہ آرہی ہوگی،وہ کبھی کبھی گھوڑے کو روک کر اس کا انتظار کرنے لگتی۔جاری ہے۔ان شاءاللہ!
.jpg)
Comments
Post a Comment