پہاڑی طوطا ہم سے کیوں روٹھ گیا
ایک وقت تھا جب سکندری پہاڑی طوطا جسے را طوطا یا Alexanderine Parakeet بھی کہتے ہیں پاکستان کی فضائوں میں اکثر نظر آ جایا کرتا تھا لیکن پھر جنگلی طوطوں کی غیر قانونی خریدوفروخت کی وجہ سے یہ ہمارے ماحول سے کم ہوتا چلا گیا اور اب یہ جنگلی طور پر بالکل ختم ہونے کے قریب ہے۔ آج یہ طوطا آپ کو قدرتی ماحول کی بجائے زیادہ تر پنجروں میں بند نظر آتا ہے۔ اس طوطے کا ہماری فضائوں سے غائب ہوجانا اس بات کی علامت ہے کہ ہمارے ہاں جنگلی حیات کا مستقبل کس قدر مخدوش ہے۔
اسکندری طوطے کو پاکستان میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ اسے کشمیری طوطا، پہاڑی طوطا اور را طوطا بھی کہا جاتا ہے۔ انگریزی زبان میں اسے Alexanderine Parakeet یا Alexanderine Parrot کہا جاتا ہے۔ اس کا تعلق پرندوں کی فیملی #Psittacidae سے ہے اور اس کا سائنسی نام #Psittacula eupatria ہے۔ اس کو سکندری طوطا کہنے کی وجہ یہ ہے کہ اسے سب سے پہلے سکندر اعظم نے پنجاب سے پکڑ کر یورپ اور بحیرہ روم کے کنارے واقع ممالک میں متعارف کیا جہاں اسے اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بہت پسند کیا جانے لگا۔
پہاڑی طوطا بنیادی طور پر جنوبی ایشیاء اور جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کا طوطا ہے لیکن دنیا کے کئی ممالک میں پنجروں سے آزاد ہونے والے طوطوں نے بسیرا کرکے اپنی آبادیاں بڑھا لی ہے۔ ان بھاگے ہوئے پالتو طوطوں کو جو بعد میں جنگلی ہوجاتے ہیں ہم فیرل طوطے کہتے ہی۔ دنیا میں فیرل پہاڑی طوطوں کی آبادیاں آپ کو سپین، انگلینڈ، بیلجیئم، نیدرلینڈ، ترکی، جرمنی، سعودی عرب، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، ایران اور ہانگ کانگ وغیرہ میں نظر آسکتی ہیں۔
یہ ایک بڑی جسامت کا طوطا ہے اور یہ پاکستان میں پائے جانے والے جنگلی طوطوں میں جسامت میں سب سے بڑا ہوتا ہے۔ اس کی چونچ سے دم تک کی لمبائی 56 سے 62 سنٹی میٹر تک ہوتا ہے۔ اس کے جسم کا بنیادی رنگ سبز ہوتا ہے لیکن جسم کے نیچے والے حصے میں سبز کے ساتھ ساتھ پیلے رنگ کی آمیزش ہوتی ہے۔ اس کے دونوں کندھوں پر میرون سرخ رنگ کا بڑا سا دھبہ ہوتا ہے۔ نروں کے گلے میں میرون سرخ رنگ کا ring ہوتا ہے جو مادائوں یا چھوٹے بچوں میں نہیں پایا جاتا۔
پاکستان میں یہ طوطا آزاد کشمیر، اسلام آباد میں مارگلہ کہ پہاڑیوں، صوبہ پنجاب کے مشرقی علاقوں اور صوبہ سندھ میں پایا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ کچھ عرصے میں اس کی آبادی بہت زیادہ کم ہوگئی ہے۔
ان طوطوں کی کم ہوتی آبادی کے پیش نظر 2008 میں نیشنل کونسل فار کنزرویشن آف نیچر نے ان کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کردی۔ اس پابندی پر کچھ حلقوں نے یہ کہا کہ ان کی جنگلی آبادی کو تخمینہ لگانے کے بعد یہ پابندی لگانی چاہیے تھی۔ جس کے بعد پاکستان میں صوبہ پنجاب اور سندھ میں پہاڑی طوطوں کی جنگلی آبادی کا اندازہ لگانے کیلئے زوالوجیکل سروے ڈیپارٹمنٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تعاون سے 2011 میں ایک سروے کیا گیا۔ اس سروے میں دونوں صوبوں کے 23 اضلاع شامل کیے گئے۔
اس سروے کے نتائج کے مطابق پاکستان میں پائی جانے والے طوطوں کی چار انواع یعنی
Ringneck parakeet
Alexanderine Parakeet
Slaty headed parakeet اور
Plum headed Parakeet
صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دیکھی گئیں۔ ضلع راولپنڈی میں یہ چارون انواع نظر آئیں جبکہ باقی اضلاع میں ان میں سے ایک، دو یا تین دیکھنے کو ملیں۔ اس سروے میں راولپنڈی کی تحصیل مری میں سلیٹی ہیڈڈ اور پلم ہیڈڈ طوطوں کی کافی تعداد مری بائیوڈائیورسٹی پارک میں دیکھی گئی۔ اس کے علاؤہ اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی طوطوں کی یہ چار انواع نظر آئیں۔
اس سروے کے مطابق پہاڑوں طوطوں کی صوبہ پنجاب میں کل آبادی 3961 ریکارڈ کی گئی جن میں سب سے زیادہ طوطے یعنی 2631 طوطے صرف ضلع قصور میں نظر آئے۔ اس سے پہلے 1991 میں ٹام جے رابرٹس کے کئے گئے سروے کے مطابق یہ طوطے سندھ کے کچھ اضلاع میں بھی دیکھے گئے تھے لیکن 2011 کے اس سروے میں سندھ میں کوئی پہاڑی طوطا نظر نہیں آیا۔ 1991 کے سروے کے مطابق پاکستان میں پہاڑی طوطوں کی تعداد دس ہزار سے بھی زیادہ تھی۔
اگر 2011 کے اس سروے کا مقابلہ 1991 میں کئے گئے سروے سے کیا جائے تو یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ پہاڑی طوطوں کی آبادی پاکستان میں بہت زیادہ کم ہوگئی ہے جس کی بڑی وجوہات میں ان کو جنگلی پرندوں کو پکڑ کر ان کی خریدوفروخت اور ان کے مسکن کی تباہی وغیرہ شامل ہیں۔ آج 2011 کے سروے کو بھی 12 سال گزر چکے ہیں اور اب ان کی آبادی 2011 کی نسبت بہت کم رہ گئی ہے۔ پچھلے دو عشروں میں لوگوں نے ان جنگلی طوطوں کو پکڑ پکڑ کر ان کو کراچی، لاہور، پشاور اور راولپنڈی کی پرندہ مارکیٹوں میں بیچ بیچ کر ان کی جنگلی آبادہ تقریباً ختم کردی ہے۔ اس وقت جنگلی پہاڑی طوطوں کے ایک جوڑے کی قیمت 60 سے 70 ہزار پاکستانی روپے ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ ان طوطوں کو جہاں دیکھتے ہیں پکڑنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
پہاڑی طوے آج سے کچھ سال قبل تک آزادکشمیر بھر میں بھی کثیر تعداد میں پائے جاتے تھے۔ لیکن یہاں بھی کچھ سالوں سے ان کی نسل کشی بڑھتی جا رہی ہے اور بھاری مقدار میں یہ جنگلی طوطے اور ان کے بچے پکڑپکڑ کر مارکیٹ میں فروخت کئے جارہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں کچھ عرصہ قبل تک کئی جنگل ایسے تھے جہاں پر کشمیری طوطے، کاٹھے رنگ نیک طوطے، پلم ہیڈ طوطے اور سلیٹی ہیڈ طوطے پائے جاتے تھے لیکن اب ان تمام طوطوں کی تعداد یہاں بہت کم ہوچکی ہے۔
اگر دیکھا جائے تو اس وقت پہاڑی طوطے کی جنگلی آبادی زیادہ تر اسلام آباد، آزاد کشمیر اور صوبہ پنجاب میں موجود ہے لیکن آزاد کشمیر کے بعد پنجاب میں بھی اب اس کی نسل تیزی سے ختم ہورہی ہے ، جس کی بڑی وجہ ان کی خرید و فروخت ہے۔ جنگلات سے جب پہاڑی طوطے کے چار،پانچ بچے پکڑے جاتے ہیں توان میں سے بمشکل ایک طوطاہی زندہ بچ پاتا ہے باقی کسی نہ کسی بیماری اورماحول کی عدم مسابقت کی وجہ سے مرجاتے ہیں- پاکستان میں مقامی طوطوں کی خرید و فروخت اور ان سے پنجروں میں بریڈنگ لینے پر کوئی روک ٹوک نہیں ہے جبکہ بھارت میں مقامی طوطوں کی خریدوفروخت پر مکمل پابندی ہے جس کی وجہ سے بھارت میں ان کی تعداد اچھی خاصی ہے۔
پہاڑی طوطے بہت سے مختلف اقسام کے ماحول میں رہ سکتے ہیں۔ یہ عام طور پر جنگلوں، کھیتوں اور مانگرووز میں رہنا پسند کرتا ہے۔ یہ ایسے علاقوں میں رہنا پسند کرتے ہیں جہاں کیکر، بیری، شیشم، آم، امرود اور کھجور وغیرہ کے درخت ہوں۔ یہ بہت سے جنگلی اور اگائے گئے بیج اور پھل کھاتا ہے۔ اس کے جھنڈ باغات اور تیار فصلوں کو نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں۔ عام طور پر ان کے جھنڈ چھوٹے ہوتے ہیں لیکن جہاں خوراک بکثرت ہو وہاں یہ بڑے جھنڈ بھی بنا لیتے ہیں۔
یہ مختلف آوازیں نکالتے ہیں اور پالتو پہاڑی طوطے انسانوں کی آوازوں کی بخوبی نقل بھی اتار سکتے ہیں۔
پہاڑی طوطا اپنے اصل رہائشی علاقوں میں نومبر سے اپریل تک بریڈ کرتا ہے۔ یہ کھوکھلے درختوں، درختوں کے سوراخوں اور عمارتوں میں موجود سوراخوں میں گھونسلہ بنا سکتے ہیں۔ مادائیں 2 سے 4 سفید رنگ کے انڈے دیتی ہیں۔ انڈوں سے 24 دنوں میں بچے نکل آتے ہیں۔ 7 ہفتوں میں بچوں کے پر نکل آتے ہیں لیکن بچے 3 سے 4 مہینے اپنے والدین پر خوراک کیلئے انحصار کرتے ہیں۔
پاکستان میں پہاڑی طوطا گھروں میں پالا جانے والا ایک مقبول طوطا ہے کیونکہ اس کی عمر کافی لمبی ہوتی ہے اور یہ انسانی آوازوں کی بخوبی نقل اتار سکتا ہے۔ پاکستان میں یہ پرندوں کی مارکیٹ میں ایک عام پایا جانے والا پرندہ ہے۔ کراچی اور لاہور میں بڑے بڑے فارمز پر ان کی بریڈنگ ہوتی ہے اور مہنگے ہونے کی وجہ سے ان کے بریڈرز ان کی بریڈنگ سے اچھے خاصے پیسے کماتے ہیں۔ اب تو پہاڑی طوطوں کی کچھ نایاب میوٹیشنز بھی مارکیٹ میں آچکی ہیں جن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں۔ پہاڑی طوطوں میں پائے جانے والی پیلے رنگ کی میوٹیشن جسے یلو الیگزینڈر کہا جاتا ہے ایک بہت مہنگی میوٹیشن ہے جس کا ایک جوڑا 20 سے 25 لاکھ میں فروخت ہوتا ہے۔ یلو کے علاؤہ پہاڑی طوطوں میں اولیو، البینو، بلیو اور پائید میوٹیشن بھی پائی جاتی ہے۔
آئی یو سی این کے مطابق دنیا بھر میں پہاڑی طوطے عنقریب خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کی مانگ پرندوں کی مارکیٹ میں بہت زیادہ ہے۔ پاکستان سے جنگلی طور پر یہ طوطے تقریبا" ناپید ہوچکے ہیں۔ پاکستان جنوبی ایشیاء کا واحد ملک ہے جہاں یہ سب سے زیادہ تیزی سے ختم ہوئے ہیں۔
پاکستان میں پہاڑی طوطے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کی پرندہ مارکیٹوں میں کھلے عام بکتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ پاکستان میں ان کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ ان کی خریدوفروخت پر ہر قسم کی پابندی عائد کی جائے۔ اس کے علاؤہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کیا جائے تاکہ ان کے قدرتی مسکن میں اضافہ ہو اور ملک میں ان کی جنگلی آبادی دوبارہ سے بڑھ سکے۔
جنگلی حیات ہمارے ماحول کا حسن اور ملک کا سرمایہ ہے۔ اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

Comments
Post a Comment