پینگولن سب سے زیادہ سمگل ہونے والا جانور


 پینگولن کا شمار دنیا کے عجیب و غریب جانوروں میں ہوتا ہے کیونکہ یہ واحد  دودھ دینے والا جانور ہے جس کے جسم پر کیراٹین سے بنے سکیلز یا چھلکوں کا خول موجود ہوتا ہے۔ اپنی عجیب و غریب شکل و صورت کے باعث پاکستان میں بہت سے لوگ اسے دیکھتے ہی مار دیتے ہیں لیکن دراصل یہ ایک انتہائی معصوم اور بے ضرر جانور ہے جس کے ساتھ ہمارے لوگ بہت ظلم کرتے ہیں۔ 


پینگولن کا تعلق ممالیہ جانوروں کے خاندان #Pholidota اور فیملی #Manidae سے ہے۔ پینگولن کو Scaly Anteater بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس جانور کی مرغوب غذا چیونٹیاں ہیں جنہیں یہ اپنی زبان سے پکڑ کر کھاتا ہے۔ دنیا بھر میں پینگولنز کی 8 مختلف انواع پائی جاتی ہیں جن میں سے چار انواع افریقہ اور چار ایشیاء میں ملتی ہیں۔ پاکستان میں پینگولن کی صرف ایک نوع پائی جاتی ہے جس کا نام انڈین پینگولن ہے اور اس کا سائنسی نام (#Manis crassicaudata) ہے۔

انڈین پینگولن کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں سلہ بھی کہتے ہیں۔ کچھ لوگ اس بجو بھی کہتے ہیں اور یہ بھی سمجھتے ہیں کہ یہ قبریں کھود کر مردے نکال کر کھاتا ہے۔ حالانکہ یہ ایک بے ضرر جانور ہے جس کے منہ میں دانت ہی نہیں ہوتے اور جو اپنی چپچپی زبان سے چیونٹیاں اور کیڑے مکوڑے کھانے کیلئے گڑھا کھودتا ہے جس کو دیکھ کر لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ مردے کھانے کیلئے گڑھا کھود رہا ہے۔ 

انڈین پینگولن کی لمبائی 60 سے 80 سینٹی میٹر ہوتی ہے اور اس کے جسم پر موجود چھلکے خاکی رنگ کے ہوتے ہیں۔ پیٹ کے علاؤہ یہ چھلکے تمام جسم پر موجود ہوتے ہیں۔ اس کا سر چھوٹا اور تھوڑا سا لمبوترا ہوتا ہے۔ کان بھی بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔ اس جانور کے منہ میں دانت نہیں ہوتے اور اس کی چپچپی زبان کی لمبائی 25 سینٹی میٹر تک ہو سکتی ہے جس کی مدد سے یہ چیونٹیوں پکڑتا ہے۔ اگلے پائوں پر لمبے ناخن ہوتے ہیں جن کی مدد سے یہ دھیمک اور چیونٹیوں کے گھر کھود کر انہیں کھاتا ہے۔ 

پاکستان میں انڈین پینگولن پنجاب میں سیالکوٹ، جہلم، گجرات، راولپنڈی اور بہاولپور، خیبر پختونخواہ میں کوہاٹ، مردان اور پشاور، سندھ میں دادو، لاڑکانہ، حیدرآباد اور تھرپارکر اور بلوچستان میں لسبیلہ اور مکران کے اضلاع میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاؤہ یہ آزاد کشمیر میں بھی ملتا ہے۔ 

پاکستان سے باہر انڈین پینگولن بھارت، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں بھی پایا جاتا ہے۔ لیکن یہ اپنی تمام رینج میں خطرات سے دوچار ہے۔ جانوروں کے تحفظ کی عالمی تنظیم آئی یو سی این کے مطابق اس کا سٹیٹس endangered ہے جس کی وجہ اس معصوم جانور کی بدنامی ہے۔ لوگ اس جانور کو خطرناک سمجھ کر ماردیتے ہیں حالانکہ یہ ایک بے ضرر جانور ہے۔ یہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ اسمگل کیا جانے والا جنگلی جانور ہے اور پاکستان میں بھی اس کی اسمگلنگ عروج پر ہے۔ 

 پاکستان میں ان کی آبادی تیزی سے کم ہورہی ہے۔ یہ جن علاقوں میں باقی بچے ہوئے ہیں وہاں لوگ انکی عجیب قسم کی جسمانی ساخت کو دیکھ کر انہیں خطرناک بلا سمجھ کر مار دیتے ہیں۔ حالانکہ یہ انسانوں کے لیے بالکل بھی خطرناک نہیں ہیں۔ اس کے علاؤہ ان کا گوشت اور چھلکے کچھ روائتی چینی ادویات میں بھی استعمال ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی اسمگلنگ کی جاتی ہے. اس کے علاؤہ چین میں اس کا گوشت بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ چین اور ویت نام کے کچھ ہوٹلوں پر اس کا ایک کلوگرام گوشت لاکھوں پاکستانی روپوں میں فروخت ہوتا ہے۔ اس کے سکیلز سے بلٹ پروف جیکٹس بھی بنائی جاتی ہیں جو انتہائی قیمتی ہوتی ہیں۔ اس کے علاؤہ ان کی سکیلز سے قیمتی زیورات بھی بنتے ہیں۔ ان کے سکیلز اتارنے کیلئے بعض لوگ زندہ پینگولن کو ابلتے پانی میں ڈال دیتے ہیں تاکہ اس کے سکیلز بآسانی اتر جائیں۔ یہ ایک انتہائی گھنائونا کھیل ہے جو پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے علاقوں میں کھیلا جاتا ہے۔ 

جسمانی طور پر پینگولن کی شکل ایسی ہوتی ہے جیسے کسی بہت بڑے نیولے کے جسم پر بڑے بڑے سخت چھلکے نکل آئے ہوں۔ پینگولن جب پیدا ہوتا ہے تواس کے جسم پر یہ چھلکے بہت نرم ہوتے ہیں لیکن بڑا ہونے پر یہ پتھر کی طرح سخت ہوجاتے ہیں ۔یہ چھلکے ایک مادے ‘‘کیراٹن‘‘ سے بنے ہوتے ہیں۔ یہ وہی مادہ ہے جس سے ہماری انگلیوں کے ناخن بنتے ہیں۔ اس کے جسم پر موجود چھلکے بے وجہ نہیں ہوتے بلکہ یہ اس کی حفاظت کرتے ہیں۔خطرہ محسوس ہونے پر یہ جانور اپنے جسم کو لپیٹ کر ایک گولا سا بن جاتا ہے جس کے اوپر اس کے پتھریلے چھلکوں کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔یہ چھلکے ایک دوسرے سے اس طرح منسلک ہوجاتے ہیں کہ یوں لگتا ہے کہ اس کا جسم زرہ بکتر میں چھپ گیا ہو۔یہ چھلکے تیز دھار بھی ہوتے ہیں اور یوں اضافی دفاع کا کام کرتے ہیں۔اگر پینگولن کا سامنا کسی گوشت خور شکاری جانور سے ہو اوروہ فرارکی پوزیشن میں نہ ہو تو وہ فوری طور پر خود کو ’’پتھر کے گولے‘‘ میں تبدیل کرلیتا ہے اور یوں اپنی جان بچانے کی کوشش کرتا ہے۔

پینگولن کے اگلے پائوں خاصے لمبے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے چلنے کے لیے یہ زیادہ استعمال نہیں ہوتے۔چلنے کے لیے یہ زیادہ تر پچھلے پائوں استعمال کرتا ہے۔مجموعی طورپر اس کے پیر چھوٹے ہوتے ہیں جن کے پنجوں میں تیزدھار ناخن ہوتے ہیں۔ ان ناخنوں کے ذریعے یہ زمین کو کھودتے ہیں اور ان میں سے کیڑے مکوڑے اور چیونٹیاں نکالتے ہیں۔اس کی زبان خاصی لمبی اور پتلی ہوتی ہے جو اس کے پیٹ میں معدے تک جاتی ہے۔ بڑے پینگولن تو سولہ انچ تک اپنی زبان کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اس طریقے سے یہ دور سے ہی کیڑے مکوڑوں کو پکڑ لیتے ہیں۔

پینگولن ایک nocturnal جانور ہے۔ بائیولوجی کی اصطلاح میں یہ ایسے جانوروں کو کہا جاتا ہے جو عام طور پر رات کو ہی باہر نکلتے ہیں اور اپنی خوراک تلاش کرتے ہیں۔چمگادڑ بھی اس کی ایک مثال ہے۔ان کی سونگھنے کی حس بہت تیز ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ رات کے وقت بھی پتہ چلالیتے ہیں کہ کیڑے مکوڑے کہاں پر ہیں۔ دن کو یہ اپنے بلوں میں گولا بن کر آرام کرتے ہیں اور رات کو ہی باہر نکلنا پسند کرتے ہیں۔ 

پینگولن کے سینے پر مخصوص غدود ہوتے ہیں جن سے ایک لیس دار مادہ نکلتا ہے۔ یہ اس لیس دار مادے کو وقفے وقفے سے اپنی زبان پر لگاتے ہیں جس سے کیڑ ے اور چیونٹیاں وغیرہ ان کی زبان سے چپک جاتی ہیں۔ 

پینگولن جنگلات، گھاس کے میدانوں، صحرائوں اور نیم صحرائی علاقوں میں بخوبی اپنے آپ کو ڈھال سکتا ہے۔ یہ درخت پر نہیں چڑھ سکتا البتہ درختوں کے اطراف گڑھا کھود کر دیمک اور چیونٹیوں کا شکار کرتا ہے۔ دیمک اور چینوٹیوں کے علاؤہ ان کی خوراک میں بیٹلز اور لال بیگ وغیرہ بھی شامل ہیں۔ 

یہ کھوہ بنا کر رہتے ہیں اور عموماً تنہا زندگی گزرتے ہیں۔ البتہ بریڈنگ کے موسم میں نر اور مادہ ایک ہی کھوہ میں پائے جاتے ہیں۔ مادہ صرف ایک ہی بچے کو جنم دیتی ہے البتہ کبھی کبھار دو بچے بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔ بچوں کے جسم کے چھلکے نرم ہوتے ہیں اور خطرہ محسوس کرتے ہی بچے اپنی ماں کے پیٹ کے ساتھ چپک جاتے ہیں۔ 

اگرچہ پینگولن کی نسل کو بچانے کے لیے اس کی بین الاقوامی تجارت پر پابندی ہے لیکن اس کے باوجود ان کی غیرقانونی تجارت جاری ہے کیونکہ ایشیا کے کئی ملکوں میں اس کے گوشت اور چھلکوں کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ اعصابی قوت بڑھاتے ہیں اور کینسر یا دمہ کے علاج میں موثر ہیں۔ماضی میں کئی واقعات میں غیرقانونی سمگلنگ کی زد میں آنے والے پینگولن اور ان کے گوشت اور چھلکوں کو قبضے میں لیا جاجکا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق پاکستان کے کئی شہروں میں پینگولن اور ان کے چھلکوں کی غیر قانونی خرید و فروخت ہوتی ہے۔ 

پاکستان میں پینگولن کے تحفظ کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں اس کے شکار پر پابندی عائد ہے کیونکہ یہ اب بہت ہی کم تعداد میں باقی رہ گئے ہیں۔ اس حوالے سے لوگوں میں بھی شعور اور آگہی پھیلانے کی ضرورت ہے کہ یہ ایک بے ضرر جانور ہے جو انسان کیلئے بالکل بھی خطرناک نہیں ہے۔ جنگلی جانور ہمارے ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں اور ہمارے ایکوسسٹم میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لئے ہمیں ان کے تحفظ کی کوششیں کرنی چاہیں۔ 

اس تحریر کو زیادہ سے زیادہ شئیر کریں تاکہ عوام میں جنگلی حیات کے متعلق آگہی پھیل سکے۔ 

Comments