چنگیز خان قراقرم کو اپنا مرکز بنا چکا تھا | خوارزم شاہ کے ہاتھوں چنگیز خان کی شکست


چنگیز خان قراقرم کو اپنا مرکز بنا چکا تھا۔اس کی مملکت وسیع تھی اور افواج بیشمار تھیں لیکن عالم اسلام پر حملہ کرتے ہوئے اسے اپنی راہ میں ایک ناقابل تسخیر قلعہ دکھائی دیتا تھا۔یہ چٹان جس کی عظمت اہل تاتار کے سیلاب کی لہروں کے لئے حوصلہ شکن تھی۔علاؤ الدین محمد خوارزم شاہ کی ایک عظیم الشان سلطنت تھی جس کی سرحدیں ایک طرف ہندوستان اور بغداد اور دوسری طرف بحیرہ ارال اور خلیج فارس سے ملتی تھیں۔

Changez Khan full documentary video Hindi and Urdu


جب سلطنت بغداد امن کے گہوارے میں سو رہی تھی،مشرق اور مغرب کے حملہ آوروں کے لئے خوارزم اور مصر کی سلطنتیں اسلام کا بازوؤے شمشیر زن تھیں۔

چنگیز خان کو سلطنت خوارزم کی طاقت کا صحیح علم نہ تھا،اس لئے اس نے حملہ کرنے سے پہلے خوارزم شاہ کے ساتھ دوستانہ تعلق پیدا کر کے خوارزم کے نشیب و فراز سے واقفیت حاصل کرنا ضروری سمجھا۔چنانچہ ان دونوں سلطنتوں کے درمیان ایک دوستانہ معاہدہ ہوا جس کی بدولت ان کے درمیان تجارتی راستہ کھل گیا۔

خوارزم شاہ کے ساتھ اہل تاتار کے تجارتی تعلقات قائم ہو جانے کے بعد چنگیز خان کے جاسوسوں کے لئے بہت سی آسانیاں پیدا ہو گئیں لیکن زیادہ عرصہ نہ گزرا تھا کہ خوارزم کی سرحد کے ایک گورنر نے بخارا کے چند تاجروں کا مال چھین لیا اور انھیں اس الزام میں قتل کر ڈالا کہ وہ چنگیز خان کے جاسوسوں کو خوارزم شاہ کے حالات سے باخبر کر رہے ہیں۔چنگیز خان نے خوارزم شاہ کے پاس اپنا ایلچی بھیج کر گورنر کی اس حرکت پر احتجاج کیا لیکن بخارا کے تاجر خوارزم شاہ کی رعیت تھے اور ان کے ساتھ چنگیز خان کی ہمدردی سے خوارزم شاہ کے یہ شکوک اور بڑھ گئے کہ چنگیز خان خوارزم میں جو کام تاتاریوں سے نہیں لے سکتا۔اس کے لئے اس نے بخارا کے تاجروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔چنانچہ اس نے برا فروختہ ہو کر چنگیز خان کے ایلچی کے قتل کا حکم دے دیا۔

بعض امرا نے اسے سمجھانے کی کوشش کی کہ کچھ بھی ہو ایلچی کا قتل جائز نہیں لیکن سلطان علاؤ الدین خوارزم شاہ ایک خود سر حکمران تھا،اس نے کسی کا کہا نہ مانا۔ایلچی کو قتل کر کے اس کے باقی ساتھیوں کی داڑھیاں جلانے کے بعد انھیں واپس بھیج دیا۔

چنگیز خان کے لئے یہ توہین ناقابل برداشت تھی۔وہ یہ واقعہ سن کر اٹھا اور ایک پہاڑی پر چڑھ کر دیر تک سورج کے سامنے سربسجود رہا اور پھر بلند آواز میں پکارا۔"فلک لازوال پر دو سورج نہیں اور اس زمین پر دو خاقان نہیں ہونگے!"

چنگیز خان اور خوارزم شاہ میں جنگ ناگزیر ہو چکی تھی لیکن چنگیز خان کو خوارزم کی افواج سے زیادہ اس بات کا خدشہ تھا کہ سورج پرستوں کے خلاف اگر خدا پرست متحد ہو گئے تو اسے صحرائے گوبی کے ویرانوں میں بھی پناہ نہ ملے گی۔

               ٭ ٭ ٭

ان واقعات سے قبل خوارزم شاہ اور خلیفہ ناصر میں ناچاقی ہو چکی تھی۔خوارزم شاہ نے خلیفہ سے مطالبہ کیا تھا کہ بغداد کی مساجد میں خلیفہ کے نام کے ساتھ اس کے نام کا بھی خطبہ پڑھا جائے لیکن جب یہ مطالبہ نہ مانا گیا تو اس نے اپنی سلطنت سے خلیفہ کے نام کا خطبہ منسوخ کر کے بغداد پر چڑھائی کر دی۔راستے میں غیر متوقع برف باری کو وہ برا شگون سمجھ کر واپس چلا گیا۔اس کے بعد اگر چہ دونوں سلطنتوں کے اختلافات رفع ہو چکے تھے لیکن خلیفہ بغداد کی سرحد پر ایک طاقت ور سلطان کا وجود اپنے لئے ایک مستقل خطرہ سمجھتا تھا۔

چنگیز خان کو ان اختلافات کا علم تھا لیکن اسے یہ یقین نہ تھا کہ خوارزم پر حملے کی صورت میں بغداد کی رائے عامہ خلیفہ کو غیر جانبدار رہنے دے گی۔اسے یہ ڈر تھا کہ اگر خلیفہ نے اپنے اختلافات بھلا کر خوارزم کی حمایت میں اعلان جہاد کر دیا تو افریقہ سے لے کر ہندوستان تک تمام اسلامی ممالک کی افواج اسے کچلنے کے لئے آموجود ہو گی۔ان تمام خدشات کے پیش نظر چنگیز خان قراقرم میں وسیع پیمانے پر جنگی تیاریاں کر رہا تھا۔

خوارزم شاہ کے ساتھ ان بن ہوجانے سے پہلے چنگیز خان کو یہ احساس تھا کہ وہ سلطنت خوارزم کو تہہ و بالا کیے بغیر تسخیر عالم کی خواہش کو پورا نہیں کر سکتا۔اگر خوارزم شاہ اسے شکایت کا موقع نہ بھی دیتا تو بھی زیادہ سے زیادہ یہ ہوتا کہ تاتاریوں کے ہاتھوں خوارزم کی تباہی چند برسوں کے لئے ٹل جاتی۔طاقتور ہمسائے کو نظر انداز کرنا یا کمزور ہمسائے پر رحم کرنا چنگیز خان کے مسلک کے خلاف تھا۔

وزیر اعظم کے ساتھ طاہر کی پہلی ملاقات سے چند ہفتے پیشتر خلیفہ ناصر کو خوارزم شاہ کے ہاتھوں چنگیز خان کے ایلچی کے قتل ہونے کی خبر مل چکی تھی اور چند دن سے یہ خبر بغداد میں مشہور تھی۔شکار سے واپس آکر طاہر نے خوارزم کے سفارت خانے کا رخ کیا۔

خوارزم کا سفیر عماد الملک جس قدر طاہر کی تیغ زنی سے متاثر ہوا تھا،اس سے کہیں زیادہ اس کی باتوں سے متاثر ہوا۔طاہر کے بلند ارادوں سے واقف ہونے کے بعد اس نے کہا۔"کاش!بغداد میں آپ جیسے نوجوان اور ہوتے!"

طاہر نے جواب دیا۔"بغداد میں میرے جیسے کئی نوجوان ہیں لیکن مجھے افسوس ہے کہ آپ کی سلطنت جس طرح خلیفہ سے بد ظن ہے،اسی طرح بغداد کے عوام سے بھی بد ظن ہے اور خلیفہ کے متعلق بھی میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اگر خدانخواستہ خوارزم پر مصیبت آئی تو اس کے لئے غیر جانبدار رہنا ناممکن ہو جائے گا۔کم از کم وزیر اعظم کے متعلق مجھے یقین ہے کہ وہ قاسم کا باپ ہونے کے باوجود اپنے پہلو میں ایک مسلمان کا دل رکھتا ہے اور وہ خلیفہ کو غلط مشورہ نہیں دے گا۔"

عماد الملک نے کہا۔"آپ جیسے خوش فہم انسان کو آج سے پانچ سو برس قبل پیدا ہونا چاہئے تھا۔اب دنیا بہت بدل چکی ہے۔"

طاہر نے کہا۔"ہوسکتا ہے کہ خلیفہ کے متعلق مجھے غلط فہمی ہو لیکن وزیر اعظم کے متعلق میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ خوارزم کے لئے اس کی نیت بری نہیں۔"

عمادالملک نے اپنے ہونٹوں پر ایک حقارت آمیز مسکراہٹ لاتے ہوئے کہا۔"اگر میں وزیر اعظم کے متعلق آپ کی غلط فہمی دور کر دوں تو؟"

"آپ مجھے اپنی اصلاح کے لئے ہر وقت آمادہ پائیں گے اور پھر میری جگہ بغداد کی بجائے خوارزم میں ہوگی۔"

"آپ وعدہ کرتے ہیں کہ یہ راز آپ تک محفوظ رہے گا؟"

"میں وعدہ کرتا ہوں۔"

عمادالملک نے اٹھ کر ایک چھوٹا سا صندوق کھولا اور ایک باریک چمڑے کا ٹکڑا نکال کر طاہر کے ہاتھ میں دے دیا۔اس پر یہ عبارت لکھی ہوئی تھی۔

"خلیفتہ المسّلمین خوارزم شاہ کے ہاتھوں خاقان تاتار کے ایلچی کے وحشیانہ قتل کو ایک ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہیں۔اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ اگر خاقان تاتار اس ظالم بادشاہ کو سزا دینے کا ارادہ کر لے تو عالم اسلام سے کوئی آواز اس کی حمایت میں نہیں اٹھے گی اور عالم اسلام کے روحانی پیشوا کی دعائیں ان کے ساتھ ہونگی۔

مخلص:وحید الدین وزیر خارجہ۔"

اس عبارت کے نیچے چینی زبان کے چند حروف درج تھے۔طاہر نے ان حروف پر انگلی رکھ کر عمادالملک سے پوچھا۔"یہ کیا لکھا ہے؟"

عمادالملک نے جواب دیا۔"یہ چنگیز خان کے سفیر کی تصدیق ہے۔اس نے لکھا ہے کہ آپ کے خادم خاص نے خلیفہ کو اپنا ہم خیال بنا لیا ہے۔"

طاہر نے کچھ دیر سوچنے کے بعد سوال کیا۔"آپ کے خیال میں یہ خادم خاص کون ہے؟"

عمادالملک نے جواب دیا۔"وحید الدین اور کون؟"

طاہر نے کہا۔"نہیں یہ کوئی اور ہےخلیفہ کا کوئی ایسا معتمد جو بغداد میں چنگیز خان کی جاسوسی کر رہا ہے۔"

عمادالملک نے کہا۔"اگر وحید الدین نہیں تو پھر وزیر اعظم ہوگا!"

"نہیں میرے خیال میں وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے علاوہ کوئی اور ہے۔"

"آپ یہ تحریر پہچانتے ہیں؟"

"نہیں میں نام پڑھ سکتا ہوں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ وزیر خارجہ نے تاتاری سفیر سے اپنے خط کی تصدیق کروانے کی بجائے اسے اس قسم کا پیغام بھجوانے کو کیوں نہ کہہ دیا؟"

عمادالملک نے جواب دیا۔"اس کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں۔پہلی یہ کہ جب سے جاسوسی کے الزام میں تاجر گرفتار کیے گئے ہیں ہماری حکومت نے چنگیز خان کے ساتھ بغداد کے تاتاری سفیر کے نامہ و پیام کا راستہ بند کر دیا ہے۔اس نے چند بار خود خوارزم جانے کے لئے ہماری حدود سے گزرنے کی اجازت مانگی ہے لیکن ہماری حکومت نے انکار کردیا ہے۔اور اب چنگیز خان کے ایلچی نے قتل کے بعد اس کے لئے وہاں پیغام بھیجنے یا خود جانے کی کوئی صورت ہی نہیں۔ہماری سلطنت میں سے گزرنے کے علاوہ اس کے پاس صرف دو راستے ہیں۔پہلا یہ کہ وہ مغرب کے ممالک سے گزرتا ہوا روس کا رخ کرے اور پھر روس کے ان ناقابل عبور علاقوں سے گزرے جن کے باشندے حال ہی میں تاتاریوں کی سفاکی دیکھ چکے ہیں۔وہ کسی تاتاری یا ان کے ایلچی کو اس کا حسب نسب پوچھے بغیر قتل کر دیں گے۔دوسرا راستہ یہ ہے کہ وہ سمندر کے راستے ہندوستان جائے اور وہاں سے قراقرم کا رخ کرے۔اس صورت میں اس کے سامنے وہ بلند پہاڑ حائل ہونگے جہاں سے پرندہ بھی نہیں اڑ سکتا۔"

طاہر نے پوچھا۔"یہ تحریر آپ کے ہاتھ کیسے آئی؟"

عمادالملک نے جواب دیا۔"خلیفہ ناصر کی فراست نے ہمیں چوکنا رہنا سکھا دیا ہے۔انھوں نے اس مہم کے لئے ایک خوارزمی ترک کی خدمات حاصل کی تھیں اور چمڑا اس کے جوتے کے تلے اندر سی دیا گیا تھا لیکن ہماری سرحد کے افسر جاسوسوں کو جاننے میں بہتر ماہر ہیں۔سرحد کے گورنر نے ایلچی کو قتل کر دیا ہے۔اور اس خط کی نقل سلطان کو اور اصل میرے پاس بھیج دیا ہے۔"

"خلیفہ کو ان واقعات کا علم ہو چکا ہے؟"

"میں وزیر اعظم سے مل چکا ہوں۔اسے میں نے یہ نہیں بتایا کہ اصل خط میرے پاس پہنچ چکا ہے۔میں نے اسے صرف ایک نقل پیش کر دی تھی۔"

"تو وزیر اعظم نے آپ کو کیا جواب دیا؟"

"انھوں نے بیشمار قسمیں کھائیں۔وزیر خارجہ کو گالیاں دیں اور مجھے اپنے محل میں بٹھا کر سیدھے خلیفہ کے پاس پہنچے اور واپس آکر مجھے بتایا کہ خلیفہ نے وزیر خارجہ کو بلایا ہے۔خلیفہ کا ارادہ ہے کہ اسے محل بلا کر گرفتار کر لیا جائے۔اس کے بعد اسی شام مجھے وزیر اعظم نے دوبارہ اپنے محل میں بلایا اور کہا کہ وزیر خارجہ رو پوش ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

ابھی تک وہ ملا ہے یا نہیں؟

نہیں"

"اور اس کے باوجود آپ یہ سمجھتے ہیں کہ خلیفہ اور وزیر اعظم اس سازش میں شریک ہیں؟مجھے تو یہ نظر آتا ہے کہ وزیر خارجہ ایک طرف عالم اسلام اور دوسری طرف خلیفہ اور وزیر اعظم سے غداری کر رہا تھا اور اس کے رو پوش ہو جانے کی وجہ بھی یہی ہو سکتی ہے۔"

عمادالملک نے کہا۔"ہو سکتا ہے کہ آپ کا خیال صحیح ہو اور دوپہر کے وقت خلیفہ کے ایلچی کے اس مطالبے نے کہ آپ فوراً میرے ساتھ چلیں،اسے شک میں ڈال دیا ہو۔لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ خلیفہ کے پاس گیا ہو خلیفہ اور وزیراعظم نے اپنی بد نامی کے ڈر سے اسے رو پوش کر دیا ہو۔ممکن ہے کہ اس نے اس شربت کا ایک آدھ گھونٹ پی لیا ہو جسے چکھ لینے کے بعد کوئی شخص خلیفہ کے محل کی بھول بھلیوں سے زندہ واپس نہیں نکلتا۔"

"اگر آپ کا خیال درست ہے کہ اس نے یہ سب کچھ خلیفہ یا وزیر اعظم کے حکم سے کیا ہے تو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اسے زہر دے کر مروا دیا گیا ہو؟"

"ایسی اہم مہم کی ناکامی کے بعد خلیفہ اسے کسی نیک سلوک کا مستحق نہیں سمجھ سکتا۔اگر مروانے کی بجائے کہیں چھپا دیا گیا ہو تو اس کی وجہ صرف یہی ہو سکتی ہے کہ خلیفہ اور وزیر اعظم اس معاملے کی کھلی تحقیقات سے گھبراتے تھے۔میری تسلی کے لئے انھیں یقیناً سزا دینی پڑتی اور اپنی گردن پر جلاد کی تلوار دیکھ کر اسےخلیفہ یا وزیر اعظم کا راز چھپانے میں کوئی مصلحت نظر نہ آتی۔وہ سب کچھ بتا دیتا۔"

طاہر نے کہا۔"آپ تصویر کا صرف ایک رخ دیکھتے ہیں۔آپ یہ کیوں نہیں سوچتے کہ یہ سازش صرف وزیر خارجہ کی تھی اور وہ سزا کے خوف سے چھپ گیا ہے؟"

"میں اس بات کے امکان سے انکار نہیں کرتا لیکن حالات نے ہمیں ہر بات کے تاریک پہلو دیکھنے پر مجبور کر دیا ہے۔"

طاہر نے کہا۔"آپ کو مجھ پر اعتماد ہے؟"

عمادالملک نے کہا۔"آپ پر اعتماد کرنے کے لئے یہ جاننا ہی کافی ہے کہ آپ ایک بہادر نوجوان ہیں،ایک مجاھد کے بیٹے ہیں جس شخص کے ایمان کی شہادت صلاح الدین ایوبی کی تلوار دے رہی ہو میں اس کے خلوص پر شبہ کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔"

"آپ کو یقین ہے کہ چنگیز خان خوارزم پر حملہ کر دے گا؟"

"اگر وزیر خارجہ کا یہ پیغام اس کے پاس پہنچ چکا ہوتا تو وہ شاید اب تک حملہ بھی کر چکا ہوتا۔"

"اور اگر وزیر اعظم کی طرف سے اسے یہ پیغام مل جائے کہ حملے کی صورت میں بغداد کا ہر مسلمان خوارزم کے جھنڈے تلے جمع ہو جائے گا تو؟"

"تو مجھے یقین ہے کہ چنگیز خان کو عالم اسلام کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرات بھی نہیں ہوگی۔"

"اگر میں وزیر اعظم سے ایسا پیغام حاصل کر لوں تو کیا آپ خوارزم کی حدود عبور کرنے میں میری مدد کریں گے؟"

"میں وزیر اعظم کے ہر اقدام کو شک و شبہ کی نگاہ سے دیکھوں گا لیکن اگر آپ ایسا پیغام حاصل کر سکیں تو مجھے یہ اطمینان ہوگا کہ قراقرم پہنچ کر ایسے پیغام کا مفہوم بدل نہیں جائے گا لیکن آپ اس بات کی توقع کیوں رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم ایسا پیغام بھی بھیجیں گے اور آپ کو ایلچی بھی بنائیں گے؟"

اس سوال نے طاہر کو ایک لمحے کے لیے بد حواس کر دیا۔اس کے دل میں شک پیدا ہو گیا کہ اگر اس نے یہ بتا دیا کہ وزیر اعظم اسے چنگیز خان کے پاس بھیجنے کا ارادہ ظاہر کر چکا ہے تو عمادالملک کے شکوک بڑھ جائیں گے۔اس نے جواب دیا۔"میں وزیر اعظم سے یہ مطالبہ کروں گا۔اگر اس نے انکار کیا تو میں بغداد کی جامع مسجد میں یہ اعلان کروں گا کہ خلیفہ اور وزیر اعظم عالم اسلام کو چنگیز خان کے پاس فروخت کر چکے ہیں اور آپ دیکھیں گے کہ میری یہ آواز بغداد کے ہر بچے اور بوڑھے کی آواز بن جائے گی۔میں آپ سے خوارزم سے گزرنے کے اجازت نامے کا مطالبہ صرف اس وقت کروں گا جب آپ کو وزیر اعظم کی تحریر دکھا لوں گا۔"

عمادالملک نے جواب دیا۔"میں وزیر اعظم کی تحریر دیکھے بغیر بھی آپ کو اجازت نامہ لکھ کر دینے کیلئے تیار ہوں۔"

طاہر نے اٹھ کر اس کے ساتھ مصافحہ کرتے ہوئے کہا۔"نہیں ابھی نہیں۔میں وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد آپ کے پاس پھر آؤں گا!"

طاہر،عمادالملک کے مکان سے باہر نکلا تو سڑک پر زید آتا دکھائی دیا۔زید نے بگڑ کر کہا۔"میں آپ کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھک گیا ہوں۔وزیر اعظم کا ایلچی آپ کو بلانے آیا تھا۔وہ کہتا تھا کہ میں آپ کو تلاش کر کے فوراً روانہ کروں۔عجیب احمق آدمی تھا۔وہ مجھے کہتا تھا کہ تم تو بلکل بدو معلوم ہوتے ہو اور میں نے جب اسے کشتی لڑنے کی دعوت دی تو قہقہہ لگاتا ہوا چل دیا۔"

طاہر نے کہا۔"ہر ایک کو کشتی لڑنے کی دعوت نہیں دیا کرتے!"

                 ٭ ٭ ٭

پانچ دن کے بعد ایک شام نماز مغرب کے بعد عبدالعزیز اور عبدالملک طاہر کے مکان پر پہنچے۔طاہر ایک کمرے میں بیٹھا ایک کتاب دیکھ رہا تھا۔عبدالعزیز نے کمرے میں داخل ہوتے ہی کہا۔"میرا خیال تھا کہ آپ سفر کا سامان درست کر رہے ہونگے؟"

طاہر نے اٹھ کر ان کے ساتھ مصافحہ کرنے کے بعد کہا۔"سفر کی تیاری تو میں کل سے کر رہا ہوں لیکن آج وزیر اعظم نے خلیفہ کا یہ حکم سنا دیا کہ پرسوں ماہ رمضان شروع ہونے والا ہے۔مجھے روزوں کے ساتھ سفر میں تکلیف ہو گی۔اس لئے عید سے اگلے دن مجھے یہاں سے روانہ ہونے کی اجازت مل جائے گی۔"

عبدالعزیز نے کہا۔"تعجب ہے کہ خلیفہ آپ کی تکلیف کا اس قدر احساس رکھتے ہیں۔کیا آپ نے چنگیز خان کے نام ان کا مکتوب حاصل کر لیا ہے؟"

طاہر نے جواب دیا۔"وہ خط وزیر اعظم کے پاس ہے۔میں اس کا مضمون پڑھ چکا ہوں اور اس پر خلیفہ کی مہر دیکھ چکا ہوں۔وزیر نے عمادالملک کو بھی وہ خط دکھا دیا ہے اور انھوں نے کہا ہے کہ رخصت کے دن مجھے وہ خط مل جائے گا۔"

عبدالملک نے کہا۔"لیکن آپ کے سفر کے التوا کے لئے ماہ رمضان کا بہانہ مجھے تسلی بخش نظر نہیں آتا۔کیا آپ نے یہ نہیں کہا تھا کہ آپ روزہ رکھ کر بھی سفر کر سکتے ہیں؟"

طاہر نے کہا۔"میں نے تو بہت زور دیا تھا۔میں نے کہا تھا کہ جو شخص عرب کی تپتی ہوئی ہواؤں میں روزے رکھنے کا عادی ہو،اسے شمال مشرق کے پہاڑوں کی سرد ہوا میں سفر کرتے ہوئے کوئی تکلیف نہ ہوگی۔اس کے علاوہ اس سفر کی اہمیت ایسی ہے کہ مجھے معمولی تکالیف کو نظر انداز کرنا چاہئے۔لیکن وزیر اعظم نے کہا۔عید کے دن خلیفہ چوگان اور نیزہ بازی کا مقابلہ دیکھیں گے اور ان کی خواہش ہے کہ میں بھی اس میں ضرور حصہ لوں!"

عبدالملک نے کہا۔"یہ بہانہ اس سے بھی زیادہ نامعقول ہے۔عزیز!تم بتاؤ جب چنگیز خان کی افواج خوارزم کی شمال مشرقی سرحد پر نقل و حرکت کر رہی ہیں اور خلیفہ اسے متنبہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں تو طاہر کو ایک ماہ اور یہاں روکنے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟"

عبدالعزیز نے اپنی کشادہ پیشانی پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔"خلیفہ اور وزیر اعظم کی مصلحتیں سمجھنا آسان نہیں۔ہو سکتا ہے کہ رمضان کے آخر تک وہ اپنا ارادہ بدل دیں۔بڑھاپے کی وجہ سے خلیفہ کی قوت فیصلہ جواب دے چکی ہے اور اتنی بڑی چھلانگ لگانے سے پہلے ان کے لئے ایک ماہ یا ایک برس سوچنا کوئی بڑی بات نہیں۔ہاں مجھے ایک بات کا خدشہ ہے۔طاہر!تمہارے ساتھ اور کون جا رہا ہے؟"

طاہر نے جواب دیا۔"میں نے تم دونوں کے متعلق کہا تھا۔لیکن وزیر اعظم نے میرے ساتھ اتفاق نہیں کیا۔انھوں نے یہ کہا کہ میں اپنے ساتھ تین چار نوکر لے جا سکتا ہوں۔"

عبدالعزیز سوال کیا۔"ان نوکروں کا انتخاب آپ کی مرضی پر چھوڑ دیا جائے گا یا وزیر اعظم اپنی پسند کے آدمی بھیجیں گے؟"

طاہر نے جواب دیا۔"یہ خدشہ خوارزم کے سفیر نے بھی ظاہر کیا تھا کہ میرا کوئی ساتھی وہاں جا کر خلیفہ کی طرف سے کوئی اور پیغام نہ سنا دے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ خلیفہ کا خط دیکھنے کے بعد چنگیز خان کسی معمولی آدمی کی بات پر اعتبار کر لے گا۔اس کے علاوہ احتیاط کے طور پر عمادالملک راستے کی چوکیوں کو مطلع کر دے گا کہ میرے سوا کسی اور کو تلاشی لئے بغیر نہ چھوڑا جائے۔میں خود بھی ان کی دیکھ بھال کرتا جاؤں گا۔"

عبدالملک نے کہا۔"اگر ان میں سے کسی نے تاتاری سفیر کی کوئی نشانی وہاں جا کر پیش کر دی تو؟"

طاہر نے کہا۔"آپ اس کی فکر نہ کریں۔میں نے یہاں تک انتظام کر لیا ہے کہ مملکت تاتار میں داخل ہونے سے پہلے ان کے جوتے اور لباس تک تبدیل کر دیے جائیں۔"

عبدالعزیز نے کہا۔"لیکن پھر بھی آپ ہوشیار رہیں۔کہیں ایسا نہ ہو کہ خوارزم کی حدود عبور کرنے کے بعد آپ کسی سرائے میں رات کے وقت سو رہے ہوں اور جب صبح کے وقت بیدار ہوں تو آپ کے ساتھی خلیفہ کے خط سمیت غائب ہو چکے ہوں۔آپ انھیں تلاش کرتے رہیں اور وہ قراقرم پہنچ چکے ہوں۔"

طاہر تھوڑی دیر کے لئے سوچ میں پڑ گیا۔بالآخر اس نے کہا۔"آپ فکر نہ کریں۔انھیں کم از کم یہ احساس ضرور ہوگا کہ وہ میرے بغیر واپس نہیں آسکیں گے۔"

"لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انھیں قراقرم کی آب و ہوا بغداد سے زیادہ پسند آجائے۔اس لئے کم از کم زید کو ضرور ساتھ لیتے جائیں۔"

طاہر نے جواب دیا۔"زید کو میں گھر کی حفاظت کیلئے یہاں ٹھہرانا ضروری سمجھتا ہوں۔آپ اطمینان رکھئے۔یہاں سے خواہ میرے ساتھ کیسے ہی آدمی کیوں نہ جائیں۔وہ ایک منزل طے کرنے کے بعد خلیفہ یا وزیر اعظم کی بجائے میرے زیر اثر ہوں گے۔اگر انعام کی ہوس کسی آدمی کو غدار بنا سکتی ہے تو زیادہ انعام کی ہوس اسے کو راہ راست پر بھی لا سکتی ہے۔"

عبدالملک نے کہا۔"میں موجودہ وزیر خارجہ مہلب بن داؤد کو ایک خطرناک آدمی سمجھتا ہوں۔دو سال قبل وہ بغداد میں بلکل اجنبی تھا لیکن چند ماہ پہلے یہ حالت ہے کہ دن میں ایک بار خلیفہ سے اس کی ملاقات ضرور ہوتی ہے۔وحید الدین کے روپوش ہونے سے پہلے وہ اس کا نائب تھا لیکن عجیب بات یہ تھی کہ وحید الدین سے زیادہ خلیفہ کے ساتھ اس کی ملاقاتیں ہوتی تھیں اور بعض ملاقاتوں میں وہ چنگیز خان کے سفیر کو بھی اپنے ساتھ لے جاتا تھا۔اس لئے بہتر ہو گا کہ اس کا کوئی آدمی آپ کے ساتھ نہ جائے۔"

طاہر نے کہا۔"میں اس بات کا خیال رکھوں گا۔آپ کو معلوم ہے کہ مہلب بن داؤد کہاں سے آیا ہے؟"

عبدالملک نے جواب دیا۔"یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس بےپناہ دولت ہے اور خلیفہ اور شہزادہ مستنصر کو بیش قیمت تحائف پیش کر چکا ہے۔"

                 ٭ ٭ ٭

صفیہ علی الصباح گہری نیند سے بیدار ہوئی۔کمرے کی دھندلی روشنی میں ادھر ادھر دیکھ کر اس نے مغموم سی صورت بنا کر پھر آنکھیں بند کر لیں۔آج پھر وہ ایک سہانا سپنا دیکھ چکی تھی۔آج پھر اس نے دلکش فضاؤں میں پرواز کی تھی جہاں آزاد پرندے محبت کے گیت گاتے تھے۔اس نے خاموش نگاہوں سے کسی کے سامنے التجائیں کی تھیں اور کسی نے ان التجاؤں کے جواب میں یہ کہا تھا۔"صفیہ!نادان نہ بنو۔ہماری زندگی کے راستے مختلف ہیں!"

صفیہ نے اپنے چہرے پر ایک مغموم مسکراہٹ لاتے ہوئے کہا۔"میرے بدو!تم بہت ضدی ہو!"

وہ دوبارہ آنکھیں کھول کر اٹھی اور دوسرے کمرے میں جا کر وضو کرنے کے بعد نماز کے لئے کھڑی ہوگئی۔نماز کے بعد اس نے ہاتھ اٹھا کر دعا کی اور حسب معمول آج بھی اس کی دعا کا آخری فقرہ یہ تھا۔"میرے اللہ!اسے ہر آفت سے بچانا!!۔"

دعا ختم کرنے کے بعد صفیہ اپنے کمرے میں چلی گئی اور دریچہ کھول کر پائیں باغ کی طرف جھانکنے لگی۔پھر میٹھے اور ہلکے سروں میں ایک گیت گاتی ہوئی دوسری دیوار کے ساتھ قد آدم آئینے کے سامنے جا کھڑی ہوئی۔اس کی آواز جو موسم بہار کے پرندوں سے کہیں زیادہ شیریں تھی،آہستہ آہستہ بلند ہو رہی تھی۔لیکن تھوڑی دیر کے بعد آئینے میں ایک اور صورت دیکھ کر وہ اچانک خاموش ہوگئی۔

اس نے جلدی سے پیچھے مڑ کر قاسم کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔"قاسم تم؟"

قاسم نے مسکراتے ہوئے کہا۔"صفیہ!تم خاموش ہو گئیں؟تمہاری آواز۔۔۔۔۔۔۔!"

صفیہ نے تلخ لہجے میں اس کی بات کاٹتے ہوئے کہا۔"میری آواز بہت اچھی ہے لیکن تمہیں چوروں کی طرح میرے کمرے میں آنے کا کوئی حق نہیں۔۔۔۔۔۔۔تشریف لے جاؤ ورنہ سکینہ کو آواز دیتی ہوں!"

قاسم نے کہا۔"صفیہ!میں نے کیا خطا کی ہے۔تمہیں مجھ سے اس قدر نفرت کیوں ہے اور تمہارے یہ نغمے اگر میرے لئے نہ تھے کس کے لئے تھے؟

صفیہ!مجھے اس قدر نہ ستاؤ۔تم جانتی ہو میں تمہیں کس قدر چاہتا ہوں۔میں۔۔۔!"

صفیہ نے غصے سے لال پیلی ہوتے ہوئے کہا۔"قاسم جاؤ!ابھی تک تمہارے دماغ پر رات کی شراب کا اثر باقی ہے۔"

قاسم نے غصہ ضبط کرتے ہوئے کہا۔"صفیہ!تمہیں معلوم ہے کہ میں شراب ترک کر چکا ہوں لیکن اگر میری کوئی عادت بری بھی ہو تو زندگی کے طویل سفر میں ہم دونوں ایک کشتی پر سوار ہوں گے۔اس لئے مجھے اس قدر ناقدانہ نظروں سے دیکھنے کی عادت ترک کر دو۔ہم دونوں کے لئے بہتر ہوگا۔"

صفیہ نے تنک کر جواب دیا۔"قاسم جاؤ!میں تمہاری کشتی میں سوار ہونے کی بجائے دریا کے بھنور میں ڈوب مرنے کو ترجیح دوں گی۔"

قاسم نے خفیف سا ہو کر کہا۔"اس قدر سرد مہری ٹھیک نہیں۔مجھ میں ہزار خامیاں ہوں لیکن میں تمہارا ہوں۔میں تمہاری ایک مسکراہٹ کے لئے موت سے کھیل سکتا ہوں۔آگ میں کود سکتا ہوں۔پہاڑوں سے ٹکرا سکتا ہوں۔میں تمہارے لئے۔۔۔۔۔۔۔!"

صفیہ نے کہا۔"ہاں ہاں رک کیوں گئے؟کہو میں تمہارے لئے آسمان کے تارے نوچ سکتا ہوں۔سمندر کی گہرائیوں میں غوطہ لگا کر موتی نکال سکتا ہوں۔بڑے بڑے جابر شہنشاہوں کے تاج اتار سکتا ہوں۔آندھیوں سے لڑ سکتا ہوں۔طوفانوں سے کھیل سکتا ہوں لیکن ایک انسان نہیں بن سکتا۔قاسم تمہیں یہ غلط فہمی کب سے ہوئی کہ تم ایک شاعر بھی ہو؟"

قاسم نے اپنی بوکھلاہٹ پر قابو پاتے ہوئے کہا۔"صفیہ!میرے جذبات کی توہین نہ کرو۔میں شاعر نہیں۔"

"تمہارے جذبات!وہ اس قابل بھی نہیں کہ ان کی توہین کی جائے۔تم اگر یہاں ٹھہرنے پر مصر ہو تو میں جاتی ہوں۔لیکن میرا پیچھا کیا تو سیدھی چچا کے پاس جاؤں گی!"

صفیہ یہ کہہ کر قاسم کی طرف غصے اور نفرت سے دیکھتے ہوئے کمرے سے باہر نکل گئی۔

محل کے باغ سے چند پھول توڑنے کے بعد صفیہ درختوں کے ایک جھنڈ میں پہنچی،شاخوں سے شبنم کے قطرے گر رہے تھے۔لیکن صفیہ کو ان کا احساس تک نہ تھا۔یہ وہ مقام تھا جہاں طاہر کے ساتھ تنہائی میں اس کی پہلی ملاقات ہوئی تھی اور جب سے طاہر خلیفہ کا پیغام لے کر قراقرم کی طرف روانہ ہوا تھا۔باغ کا یہ گوشہ اس کی توجہ کا مرکز بن چکا تھا۔ان درختوں کے پتے،پھل اور پھول اسے دوسرے درختوں سے مختلف نظر آتے تھے۔

آج قاسم کی ملاقات کے بعد وہ اپنے دل پر ایک بھاری بوجھ لے کر یہاں آئی تھی۔سورج کی ابتدائی کرنیں درختوں کے پتوں سے چھن چھن کر آرہی تھیں۔صفیہ نے آسمان کی طرف دیکھا اور انتہائی مغموم

 آواز میں کہا۔

"طاہر!تمہیں شاید معلوم بھی نہ ہو کہ میں کون ہوں اور تم میرے لئے کیا بن چکے ہو۔" 











Comments